چین نے ریڈار پر نظر نہ آنے والے اپنے خفیہ جہاز کی آزمائشی پرواز کی ہے جہاز نے 15 منٹ تک آزمائشی پرواز کی ۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ چین نے ریڈار پر نظر نہ آنے والے اپنے اس خفیہ جہازکی آزمائشی پرواز کی ہے جس کی تصاویر حال ہی میں جاری کی گئی تھیں۔ اس طیارے کی پندرہ منٹ کی آزمائشی پرواز کی تصاویر کئی چینی ویب سائٹس پر شائع کی گئی ہیں۔اس طیارے کی آزمائشی پرواز سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ فوجی ٹیکنالوجی تیار کرنے کے لیے چین امریکہ کا  ہم پلہ  بننا چاہتا ہے۔ اس وقت امریکہ وہ واحد ملک ہے جس کے پاس سٹیلتھ طیارہ ہے اور کسی بھی کارروائی میں حصہ لینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔روس اور چین دونوں ہی اس جہاز کے ابتدائی ماڈلوں پر کام کر رہے ہیں۔ چین نے جہاز کی آزمائشی پرواز ایسے موقع پر کی ہے جب امریکی وزير دفاع چین کے دورے پر ہیں چین کا کہنا ہے کہ جہاز کی آزمائشی پرواز کا امریکی وزیر دفاع کے دورے سے کوئی ربط نہیں ہے اور یہ پہلے سے طے شدہ پروگرام کے تحت انجام پائی ہے۔