افغانستان کے شہر قندھار میں خودکش حملے میں تین اتحادی فوجیوں سمیت نو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

 

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان کے شہر قندھار میں خودکش حملے میں تین اتحادی فوجیوں سمیت نو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اتحادی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ خودکش حملہ رات گئے قندھار میں پولیس ہیڈکوارٹرز پر کیا گیا ۔ حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے بھری کار ہیڈکوارٹرز کے داخلی دروازے سے ٹکرادی جس کے بعد باقی حملہ آوروں نے راکٹ گرینیڈ اور مشین گنوں سے فائرنگ شروع کردی ۔ نیٹو کے مطابق حملے میں تین اتحادی فوجی ہلاک ہوئے اور پانچ افغان ترجمان بھی مارے گئے ، جب کہ افغان حکام کے مطابق حملے میں ایک پولیس افسر بھی ہلاک ہوا ہے۔کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔ بیان میں ہلاک ہونے والے اتحادی فوجیوں کی قومیت اور دیگر تفصیل نہیں بتائی گئی ہیں۔