جنوبی افریقہ میں جاری انیسویں فٹبال ورلڈ کپ کے پہلے دو کوارٹر فائنل جمعہ کو کھیلے جا رہے ہیں جن میں دو جنوبی امریکی، ایک یورپی اور ایک افریقی ٹیم حصہ لے رہی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جنوبی افریقہ میں جاری انیسویں فٹبال ورلڈ کپ کے پہلے دو کوارٹر فائنل جمعہ کو کھیلے جا رہے ہیں جن میں دو جنوبی امریکی، ایک یورپی اور ایک افریقی ٹیم حصہ لے رہی ہے۔ پورٹ الزبتھ میں کھیلے جانے والے پہلے کوارٹر فائنل میں برازیل اور ہالینڈ کی ٹیمیں مدِمقابل ہیں۔ پانچ مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی برازیل کی ٹیم اب تک تمام ورلڈ کپ مقابلوں میں حصہ لے چکی ہے اور اسے آٹھ مرتبہ ان مقابلوں میں فائنل تک رسائی کا اعزاز بھی حاصل ہے۔حالیہ ورلڈ کپ میں برازیل کی ٹیم نے پہلے راؤنڈ میں دو میچ جیتے تھے جبکہ اس کا ایک میچ برابر رہا تھا۔ پری کوارٹر فائنل مقابلے میں برازیل کا مقابلہ چلی کی ٹیم سے ہوا تھا جس میں اس نے تین صفر سے کامیابی حاصل کی تھی۔گھانا اس ورلڈ کپ میں باقی رہ جانے والی واحد افریقی ٹیم ہےہالینڈ کی ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی تین یورپی ٹیموں میں سے ایک ہے۔ ہالینڈ کی ٹیم ماضی میں ورلڈ کپ میں اپنی آٹھ مرتبہ شرکت کے دوران دو مرتبہ سنہ انیس سو چوہتر اور سنہ انیس سو اٹھہتر میں ورلڈ کپ کا فائنل کھیل چکی ہے جبکہ سنہ انیس سو اٹھانوے میں اس نے چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی۔ورلڈ کپ کا دوسرا کوارٹر فائنل گھانا اور یوروگوئے کی ٹیموں کے مابین جوہانسبرگ کے سوکر سٹی سٹیڈیم میں ہوگا۔