برٹش ایئر ویز کمپنی کے ہزاروں کارکنوں کی پانچ روزہ ہڑتال نے فضائی سفر کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برٹش ایئر ویز کمپنی کے ہزاروں کارکنوں کی پانچ روزہ ہڑتال نے فضائی سفر کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔

دنیا کے مصروف ترین لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کی نصف کے قریب پروازیں منسوخ کردی گئی۔ گیٹوِک اور لندن سٹی کے ایئرپورٹس پر پروازیں متاثر نہیں ہوئی ہیں۔ برٹش ایئرویز کا کہنا کہ ہڑتال کے باوجود بکنگ کرانے والے ستّر فیصد مسافر اپنی منزلوں کو پہنچ سکیں گے جبکہ ساٹھ فیصد سے زیادہ لانگ ہال اور نصف شارٹ ہال فلائٹس ہیتھرو سے پرواز کرسکیں گی۔ ہڑتال سے برٹش ایئرویز کی روزانہ نیویارک جانے والی نو میں سے ایک فلائٹ جبکہ مانچسٹر، ایمسٹرڈیم، فرینکفرٹ، روم، ویانا اورپراگ کیلئے پروازیں منسوخ کی گئیں۔ ہڑتال یونین اور ایئرلائن کے درمیان بات چیت کی ناکامی کے بعد کی گئی۔