مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کے سابق ڈکٹیٹر صدام معدوم کے قریبی رشتے دار علی حسن المجید عرف کیمیکل علی کو چوتھے مقدمے میں بھی سزائے موت سنادی گئی ہے ۔
کیمیکل علی پر 1988 میں حلبجہ گاؤں میں کردوں کے خلاف زہریلی گیس کے استعمال کا حکم دینے کا الزام عائد تھا جس سے تقریباً 5 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے ۔عراقی ذرائع کے مطابق بغداد میں اعلیٰ عدالتی ٹریبونل نے جرم ثابت ہونے پر انہیں پھانسی کی سزا کا حکم سنایا ہے۔ کیمیکل علی کو سنی کردوں کی نسل کشی ، جنگی جرائم اور صدر سٹی میں درجنوں افراد کے قتل کے الزام میں پہلے بھی تین مرتبہ پھانسی کی سزا سنائی جاچکی ہے ۔ عراقی عدالت نے اس مقدمہ میں سلطان ہاشم اور فرحان مطلک کو 15 اور 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔