مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں موسیٰ ورک کے قریب ریلوے پھاٹک پر کوئٹہ سے آنے والی جعفر ایکسپریس اسکول وین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں وین ڈرائیور اور 11بچے جاں بحق ہو گئے ہیں اس حادثہ میں 8 بچے زخمی بھی ہوئے ہیں ۔
اطلاعات کے مطابق نجی اسکول کی وین 20بچوں کو لے کر صبح سوا آٹھ بجے ریلوے پھاٹک سے گذر رہی تھی جب دھند کی وجہ سے جعفر ایکسپریس اس سے ٹکر ا گئی۔رکن قومی اسمبلی اسلم بودلہ کے مطابق علاقے میں3ایسی جگہیں ہیں جہاں باقاعدہ ریلوے پھاٹک نہیں ہیں جبکہ اس سلسلے میں تحریری طور پر گذارشات متعدد بار متعلقہ حکام کے گوش گذار کی جا چکی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق جائے حادثہ کی جگہ پر پہلے بھی حادثات ہوتے رہے ہیں ابتدائی طور پر حادثے کے نتیجے میں5بچے اور ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ بعد ازاں 6بچوں نے زخموں کی تاب نہ لا کر اسپتال میں دم توڑ دیا۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں8سے10سال تک ہیں۔