مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم اورتحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری کال پر 20 لاکھ سے زیادہ لوگ اسلام آباد آئیں گے۔ لوگوں کو اپنی حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے کے لیے آنا ہوگا۔
پاکستان کے سابق عمران خان نے پاکستان کے موجودہ وزير اعظم شہباز شریف کو بزدل اور ڈاکو قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی سازش کا حصہ بن کر منتخب حکومت کو ہٹایا گیا، ہمارے اوپر بیٹھے ڈاکوؤں کو قوم کبھی تسلیم نہیں کرے گی، میری کال پر 20 لاکھ سے زیادہ لوگ اسلام آباد آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے جوتے پالش کرنے والے نہیں بنیں گے، سیاسی لوٹے جدھر جائیں گے ضمیر فروش چور اور غدار کے نعرے لگیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف خاندان پر چالیس ارب روپے کے مقدمات ہیں، میں نے کسی کو شریف خاندان کی طرح جھوٹ بولتے ہوئے نہیں دیکھا، مریم نواز کہتی ہے میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں اور ان کے نام لندن میں پراپرٹی نکل آئی، ایک چپڑاسی کے اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے شہباز شریف کے نکلے، ان کے خلاف تفتیش کرنے والے ایف آئی اے افسران کو نکال دیا گیا جو کچھ ہورہا ہے یہ کیا کسی جمہوریت میں ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم غیرت مند قوم ہیں، ہم بوٹ پالیشیوں اور امریکہ کے غلاموں کے ساتھ نہیں چل سکتے، ہم کسی کے بوٹ پالش نہیں کرسکتے، یہ قوم قائداعظم کے پاکستان کے لیے تیار ہے، جب بیس لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں گے تو سب کو نیا پاکستان نظر آنے لگے گا۔
آپ کا تبصرہ