مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فرانسیسی وزیر خارجہ لودریان نے کہا ہے کہ جوہری آبدوز ڈیل پر امریکہ اور آسٹریلیا نے جھوٹ اور دوغلے پن کا مظاہرہ کیا ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ لودریان نے ایک انٹرویو میں آسٹریلیا کی جانب سے جوہری آبدوزوں کی خریداری کے معاملے پر فرانس سے معاہدہ منسوخ کرکے امریکہ سے ڈیل کرنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے دیرینہ اتحادیوں امریکہ اور آسٹریلیا کو جھوٹا قرار دیدیا۔ فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ تاریخ میں پہلی بار فرانس نے امریکہ سے اپنا سفیر واپس بلوالیا ہے، یہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ہم خوش نہیں اور ہمارے درمیان اب ایک سنگین بحران ہے جب کہ ہم اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی پوزیشن کا جائزہ لیں گے، یہ معاہدہ دوغلاپن، حقارت اور جھوٹ پر مبنی ہے اور اتحادیوں کے درمیان اس طرح نہیں کھیلا جاتا۔ واضح رہے کہ ایک معاہدے کے تحت امریکہ آسٹريليا کو جوہری ہتھياروں سے ليس آبدوزوں کی ٹیکنالوجی فراہم کرے گا تاہم اس معاہدے کے بعد آسٹریلیا اور فرانس کے درمیان آبدوزوں سے متعلق 37 ارب ڈالر کا معاہدہ ختم ہوجائے گا، امریکہ اور آسٹریلیا کے درمیان معاہدے کے بعد فرانس نے شدید احتجاج کرتے ہوئے امريکہ اور آسٹريليا سے اپنے سفيروں کو واپس بلا لیا ہے۔

فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ جوہری آبدوز ڈیل پر امریکہ اور آسٹریلیا نے جھوٹ اور دوغلے پن کا مظاہرہ کیا ہے۔
News Code 1908212
آپ کا تبصرہ