باطل بظاہر طاقت و قوت کے باوجود مٹ جاتا ہے اور حق بظاہر دبانے کے باوجود باقی رہتا ہے

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے یوم عاشور پر شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہادت حضرت امام حسین(ع) کا یہ پیغام ہے کہ باطل بظاہر جتنا بھی طاقتور اورعروج پر ہو اس نے بالاخر مٹنا ہوتا ہے اور حق کو جتنا بھی دبایا جائے اس نے قائم رہنا ہوتا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ڈیلی پاکستان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے یوم عاشور پر شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں  کہا ہے کہ شہادت حضرت امام حسین(ع) کا یہ پیغام ہے کہ باطل بظاہر جتنا بھی طاقتور اورعروج پر ہو اس نے بالاخر مٹنا ہوتا ہے اور حق کو جتنا بھی دبایا جائے اس نے قائم رہنا ہوتا ہے۔

عمران خان نے اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام  کے جذبہ شہادت، ایثار، قربانی اور حق پرستی کو اپنے اندر تازہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ ہم ملک وملت کی سربلندی کے لیے ہر قربانی کے لیے تیار ہوں۔

پاکستانی وزیر اعظم نے یوم عاشورہ محرم الحرام 1443ھ/2021 کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ آج محرم الحرام 1443ھ کی دس تاریخ ہے جسے یوم عاشورہ بھی کہا جاتا ہے، یوم عاشور اسلام کی آمد سے قبل بھی اہم خصوصیات کا حامل رہا ہے لیکن نواسئہ رسول (ص)  کی شہادت سے اسکی اہمیت اور زیادہ ہو گئی ہے، امام عالی مقام کی شہادت ایک ایسا المناک اور درد انگیز واقعہ ہے کہ امت صدیاں گذرنے کے باوجود ان کی شہادت پرآج بھی افسردہ اور غم ناک ہے، سینکڑوں برس گزر جانے کے باوجود یہ زخم، غم اور واقعہ تازہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواسئہ رسول (ص) اور جگر گوشہ بتول حضرت امام حسین علیہ السلام  نے جب یزید کے جبر واستبداد اور ظلم وستم کو ماننے سے انکار کردیا توآپ کو رفقاء سمیت میدان کربلا میں شہید کردیا گیا، امام عالی مقام (ع) نے شہادت قبول فرمائی لیکن ظلم اور جبر کے سامنے سر نہ جھکایا اور نہ ہی یزید پلید کی حکومت کو تسلیم کیا، امام عالی مقام (ع)  نے اپنے اسوہ سے یہ ثابت کردیا کہ حق وباطل کے معرکہ میں انسان کو ہمیشہ حق کا ساتھ دینا چاہیے اور قربانی دینے سے دریغ نہیں کرنا چاہیے،اسوہ  شبیری (ع)  باطل سے ٹکراؤ کا ایک استعارہ بن چکاہے اور یہ جرات وبہادری کا وہ مینار نور ہے جہاں سے ہمیشہ کے لیے ظلم وتشدد اور بربریت کے خلاف اٹھنے والی تحریکیں روشنی حاصل کرتی رہیں گی۔ پاکستانی وزیر اعظم نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حق وباطل کا معرکہ ازل سے ہے اور ابد تک رہے گالہذا ہمیں چاہیے کہ ہم ہر دور میں سچ اور انصاف کا ساتھ دیں، جھوٹ اور مکر وفریب کی ہر چال کو ناکام بناتےہوئے امام حسین علیہ السلام  کو خراجِ عقیدت پیش کریں، دینِ اسلام کے جن اصولوں کی خاطرحضرت امام حسین (ع) نےآلِ رسول(ص)  کی شہادت پیش کی،ان اصولوں کی علمبرداری کےلیے ہم بھی قربانی پیش کرنے سے کبھی پیچھے نہ ہٹیں،شہادت حضرت امام حسین علیہ السلام کا یہ پیغام ہے کہ باطل بظاہر جتنا بھی عروج پر ہو اس نے بالاخر مٹنا ہوتا ہے اور حق کو جتنا بھی دبایا جائے اس نے قائم رہنا ہوتا ہے،اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام  کے جذبہ شہادت، ایثار، قربانی اور حق پرستی کو اپنے اندر تازہ کرنے کی توفیق عطاء فرمائے تاکہ ہم ملک وملت کی سربلندی کے لیے ہر قربانی کے لیے تیار ہوں۔

News Code 1907846

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 7 + 1 =