پاکستانی حکومت کا تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ

پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، تحریک لبیک پر پابندی کا فیصلہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے، پنجاب حکومت کی سفارش کے بعد تحریک لبیک پر پابندی کی سمری کابینہ کو منظوری کیلیےبھیجی جارہی ہے، راستے بند کرنے اور قانون توڑنے والوں کیخلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں خود ختم نبوت کا مجاہد ہوں، (ن) لیگ نے ختم نبوت پرترمیم کی تو میں نے اسمبلی میں آواز اٹھائی، جس ملک میں وزیر داخلہ ختم نبوت کا مجاہد ہو اس ملک میں کوئی ختم نبوت کا مسئلہ نہیں، ہمارے دور میں ناموس رسالت کے خلاف کوئی کام نہیں ہو سکتا،  آج بھی اس بات پر قائم ہیں اسمبلی میں ناموس رسالت کا بل پیش کریں گے، لیکن ہم ایسا مسودہ چاہتے ہیں جس سے نبی کریم (ص) کا علم بلند ہو، جو آپ چاہتے ہیں اس سے دنیا میں ہمارا انتہا پسندی کا امیج جائے گا۔

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت امن وامان کی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، سیکرٹری داخلہ، آئی جی پنجاب انعام غنی، چیف کمشنرو آئی جی اسلام آباد، کمشنر راولپنڈی، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے  شرکت کی۔

اجلاس میں تحریک لبیک کی جانب سے ہونے والے  ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، پولیس، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ کو علاقے کلیئر کرانے پر مبارکباد اور اس دوران شہید ہونے والے پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

News Code 1906097

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 6 + 1 =