بھارت میں کسانوں کا احتجاج جاری/ ہریانہ اور پنجاب مکمل طور پر بند

بھارت میں کسانوں کا احتجاج جاری ہے ،ہریانہ اور پنجاب مکمل طور پر بند رہے جبکہ مغربی اتر پردیش ، مدھیہ پردیش ، راجستھان ، کرناٹک اورمہاراشٹر میں بند کا جزوی اثررہا ۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارت میں کسانوں کا احتجاج جاری ہے ،ہریانہ اور پنجاب مکمل طور پر بند رہے جبکہ مغربی اتر پردیش ، مدھیہ پردیش ، راجستھان ، کرناٹک اورمہاراشٹر میں بند کا جزوی اثررہا ۔ اطلاعات کے مطابق  اسمبلی انتخابات کے باوجود تمل ناڈو اور کیرالا میں بھی کئی جگہوں پر بند ، اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ ساتھ قومی ٹریڈ یونینوں نے بھی بند منایا کئی مقامات پر پولیس اور کسانوں میں تصادم ،ٹرین خدمات اور سڑک کا ٹریفک متاثر ،کسانوں نے قوانین کی واپسی کا مطالبہ پھر دہرایا ۔

زرعی قوانین کے خلاف جاری تحریک میں شریک کسانوں نے کامیابی کے ساتھ بھارت بند منایا ۔اکھل بھارتیہ کسان سمنوئے سمیتی اور متحدہ کسان محاذ کی جانب سے بھارت بند کا اعلان کیا گیا تھا جس میں ۳۰۰؍ سے زائد کسانوں کی تنظیمیں ، ایک درجن سے زائد سیاسی جماعتیں اور  ۱۰؍ قومی ٹریڈ  یونینیں شامل ہوئیں  ۔واضح رہے کہ یہ بند کسان تحریک کے چار مہینے مکمل ہونے پر منایا گیا تھا  ۔     سنگھو بارڈر اس کا مرکز ہے جبکہ ٹکری بارڈر اور غازی پور بارڈر پر بھی ہزاروں کسان آج بھی دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں ۔
  آل انڈیا کسان سمنوئے سمیتی کے رکن اور آل انڈیا کسان سبھا کے قومی جنرل سیکریٹری اتل کمار انجان نے اس بند کو  کامیاب قرار دیا ۔ انھوں نے کہا کہ بھارت بند کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ تمل ناڈو اور کیرالا میں بھی کئی جگہوں پر بند کااثر دکھائی دیا جبکہ وہاں انتخابات چل رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ بہت بڑا اثر کرناٹک میں بھی دیکھنے کو ملا ہے ۔اس کے ساتھ ہی جو رپورٹ آئی ہے اس کے مطابق مہاراشٹر ، مدھیہ پردیش ، راجستھان ، پنجاب ، ہریانہ ،بہار ، مغربی اتر پردیش میں بھی بند کافی اثر دار رہا ۔ انہوں نے کہا کہ  پنجاب اور ہریانہ تو پوری طرح سے بند تھے ۔ یہاں ٹرین کی خدمات کو پوری طرح سے روک دیا گیا تھا ۔ ہر طرف چکہ جام تھا ۔ مغربی اتر پردیش میں بھی ٹرینیں روک دی گئی تھیں اور یہاں بند کو کامیاب بنانے میں مقامی کسانوں نے بہت بڑا کردار ادا کیا۔  

News Code 1905842

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha