پاکستانی وزیر اعظم اور صدر کا کشمیری مسلمانوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور صدرعارف علوی نے یوم پاکستان پر کشمیری مسلمانوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا عہد کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور صدرعارف علوی نے یوم پاکستان پر کشمیری مسلمانوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا عہد کیا ہے۔ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے یوم پاکستان کے موقع پر پیغام میں کہا کہ 23 مارچ 1940 ایک تاریخی موقع تھا جب برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے آپ کو ہندوتوا ذہنیت کے جبر اور غلامی کے شکنجوں سے آزاد کرنے کے لئے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا، اس دن کو مناتے ہوئے ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کی جانب سے وضع کیے گئے ”اتحاد، ایمان اور تنظیم” کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ ہمارا وژن پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک حقیقی جمہوری فلاحی ریاست میں تبدیل کرنا ہے۔

پاکستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس دن ہم بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے معصوم لوگوں سے بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں جنہیں بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے جبر و تشدد کا سامنا ہے، ہم ان کی جرأت و ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

پاکستانی صدرعارف علوی نے قوم کے نام پیغام میں کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ، ہم اپنے ملک میں جمہوری اقدار ، قانون کی حکمرانی اور اسلامی طرز ِزندگی کو برقرار رکھنے کا بھی عہد کرتے ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے کشمیری مسلمانوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، مظلوم کشمیریوں کو بھارتی فورسز نے دہائیوں سے محکوم بنا رکھا ہے، اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔

News Code 1905781

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 1 + 2 =