پاکستان میں اقتصادی مراکز کو ہفتہ میں 2 روز بند رکھنے کا فیصلہ

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے باعث اقتصادی مراکز کو ہفتہ میں 2 روزاور رات 8 بجے سے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گيا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ  پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے باعث اقتصادی مراکز کو ہفتہ میں 2 روزاور رات 8 بجے سے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گيا ہے۔ این سی اوسی کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں کورونا کی مثبت شرح کی وجہ بننے والی سرگرمیوں پر سخت پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔ 

اطلاعات کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا، جس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کی، جب کہ تمام چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، این سی او سی اجلاس میں ملک بھر میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے متفقہ طور پر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جب کہ 8 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں پہلے سے نافذ پابندیوں پر ہی عملدرآمد جاری رکھا جائےگا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وائرس کی  8 فیصد سے زائد مثبت شرح والے اضلاع اور شہروں میں ایمرجنسی کے علاوہ نقل و حرکت پر سخت پابندی ہوگی، ہوٹل اور ریسٹورنٹس میں ہر قسم کی ان ڈور ڈائننگ پر پابندی اور ہفتے میں دو روز تجاری سرگرمیاں بند اور دیگر دنوں میں رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی، دو روز تعطیل کا فیصلہ وفاق اور صوبے خود کریں گے۔

این سی او سی کے مطابق مذہبی و سیاسی اجتماعات پر مکمل جب کہ شادی بیاہ کی تقریبات کے ان ڈور انعقاد پر پابندی ہوگی، کھیلوں اور سماجی تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی، تفریحی پارک مکمل طور پر بند رہیں گے، جب کہ واکنگ اور جاگنگ ٹریکس ایس او پیز کے ساتھ کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔

این سی او سی کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ  یہ پالیسی 11 اپریل تک نافذ العمل رہے گی اور 7 اپریل کو این سی او سی میں جائزہ لیا جائے گا کہ ان پابندیوں پر اطلاق جاری رہے گا یا ان میں نرمی کی جائے گی، جب کہ تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ 24 مارچ کو این سی او سی اجلاس میں ہوگا۔

News Code 1905774

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha