پاکستان کے سابق صدرزرداری کا سابق وزیر اعظم سے وطن واپس آنے کا مطالبہ

پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری نے اپوزیشن اتحاد میں شامل مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لندن سے پاکستان واپس آئیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری نے اپوزیشن اتحاد میں شامل مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم  نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لندن سے  پاکستان واپس آئیں۔ اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی زیر صدارت سربراہی اجلاس سے آصف علی زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق سابق صدر نے دوران خطاب کہا کہ پہلی بار نہیں کہ جمہوری قوتوں نے دھاندلی کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے 14 برس جیل میں گزارے ہیں، میاں صاحب پلیز پاکستان تشریف لائیں، ہم نے سینیٹ انتخابات لڑے۔ آصف زرداری نے نواز شریف سے مکالمے میں کہا کہ سینیٹر اسحاق ڈار ووٹ ڈالنے نہیں آئے، لڑنا ہے تو ہم سب کو جیل جانا ہوگا۔ اُن کا کہنا تھا کہ جب 1986 اور 2007 میں شہید بی بی وطن آئیں تو ملک کو موبلائز کیا تھا، لانگ مارچ کی ایسی منصوبہ بندی کرنا ہوگی جیسے 1986 اور 2007 میں کی تھی۔

آصف زرداری نے کہا کہ میاں صاحب، آپ کیسے عوامی مسائل حل کریں گے، آپ نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جب کہ میں نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ کیا، نواز شریف اگر جنگ کے لئے تیار ہیں تو لانگ مارچ ہو یا عدم اعتماد کا معاملہ انہیں وطن واپس آنا ہوگا، میں جنگ کے لئے تیار ہوں مگر شاید میرا ڈومیسائل مختلف ہے لیکن میاں صاحب آپ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہیں۔ شریک چیئرمین پی پی نے کہا کہ میں نے پارلیمان کو اختیارات دیئے، میں نے 18ویں آئینی ترمیم اور این ایف سی منظور کیا جس کی مجھے اور میری پارٹی کو سزا دی گئی، ہم اپنی آخری سانس تک جدوجہد کے لئے تیار ہیں لیکن اسمبلیوں کو چھوڑنا اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے، ایسے فیصلے نہ کیے جائیں کہ جس سے ہماری راہیں جدا ہوجائیں، ہمارے انتشار کا فائدہ جمہوریت کے دشمنوں کو فائدہ دے گا۔

News Code 1905685

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 2 + 3 =