پاکستان میں سینیٹ کے نئے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب آج ہوگا

پاکستانی حکومت اور اپوزیشن کے امیدواروں کے مابین سینیٹ کے نئے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب آج ہوگا۔

 مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی حکومت اور اپوزیشن کے امیدواروں کے مابین سینیٹ کے نئے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب آج ہوگا۔ سینیٹ کے ہنگامہ خیز انتخابات کے بعد آج ایوان بالا کے چئرمین اور نائب چیئرمین کے لیے ہونے والے انتخابی معرکے میں تحریک انصاف اور حکومتی اتحاد کے امیدوار صادق سنجرانی اور پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار ہیں۔

نائب چیئرمین  کے لیے اپوزیشن نے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سینیئر رہنما مولانا عبدالغفور حیدری جب کہ حکومت نے سابق فاٹا سے سینیٹر منتخب ہونے والے مرزا محمد آفریدی کو میدان میں اُتارا ہے۔

جاری ہونے والے دس نکاتی ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں سب سے پہلے نئے منتخب ہونے والے سینیٹرز کی حلف برداری ہوگی۔ ضوابط کے مطابق صدر مملکت کے مقرر کردہ پریزائڈنگ افسر سینیٹر سید مظفر حسین شاہ نو منتخب ارکان سینیٹ سے حلف لیں۔

 حلف کی تقریب کے بعد نماز جمعہ سے قبل اجلاس میں وقفہ کیا جائے گا۔ جس کے بعد پریڈائیڈینگ آفیسر چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سیںیٹ کے الیکشن کا شیڈول جاری کریں گے۔

جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق نماز کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے۔ تین بجے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے لیے ووٹنگ کروائی جائے گی۔  چیئرمین کے منتخب ہونے کے بعد پریزائیڈنگ افسر نئے چیئرمین سے حلف لیں گے۔  چیئرمین سیںیٹ حلف اٹھانے کے بعد ڈپٹی چیرمین کا انتخاب کروائیں گے چیرمین سیںیٹ نو منتخب ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے حلف لیں گے۔

سینیٹ رولز کے مطابق دونوں امیدواروں کے درمیان مقابلے کی صورت میں ایک امیدوار کو ایوان کے اراکین کی مجموعی تعداد کی اکثریت یعنی کم از کم 51 فیصد ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔

News Code 1905620

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 1 + 13 =