مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کے ساتھ گفتگو میں بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے انقلاب اسلامی ایران کی 42 ویں سالگرہ کے موقع پر رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای، ایرانی عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم و قیادت کے جذبہ استقامت نے ایران کے اسلامی انقلاب کو ناقابل تسخیر بنادیا ہے۔
آقا سید حسن موسوی نے عالمی سطح پر انقلاب اسلامی کے اثرات اور برکات پر مبنی مہر نیوز کے نامہ نگار کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران نے دنیا کی مظلوم و ستمدیدہ اقوام کو عالمی سامراجی طاقتوں کے خلاف قیام کرنے کا حوصلہ عطا کیا ۔ اگر کل تک صرف ایران میں امریکہ کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف امریکہ مردہ باد کے نعرے لگائے جاتے تھے تو آج دنیا بھر میں امریکہ مردہ باد کے نعرے لگائے جارہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایران کا اسلامی انقلاب مظلوموں اور ستمدیدہ قوموں کا حامی اور پشتپناہ ہے۔ ایران کے اسلامی انقلاب نے عالمی سامراجی طاقتوں کو لرزہ براندام کردیا ہے۔
انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن موسوی نے انقلاب اسلامی ایران کو الہیٰ عنایت اور عصر حاضر میں امت اسلامیہ کی شان و عظمت رفتہ کا بے بدل نمونہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی کے خلاف دنیا کی استکباری اور استعماری قوتوں کی تمام گھناؤنی اور مذموم سازشیں ناکام ہوگئی ہیں۔
آغا سید حسن موسوی نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد ایران کی ترقی اور پیشرفت کے بارے میں مہر نیوز کے نامہ نگار کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد ایران نے مختلف شعبوں میں خاطر خواہ پیشرفت اور ترقی کی ہے جن میں سائنس و ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبہ جات شامل ہیں اور انقلاب اسلامی ایران اپنے اعلی اہداف اور مقاصد کی جانب سرافرازی اور سربلندی کے ساتھ گامزن ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایرانی سائنسدانوں کی علمی پیشرفت اور ترقی کے نتیجے میں امریکہ اور سامراجی طاقتوں پر خوف و ہراس طاری ہے اور وہ ایران کو علمی اور سائنسی شعبہ میں پیشرفت کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں، ایران کے خلاف اقتصادی پابندیاں بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔
سید حسن موسوی نے کہا کہ دشمن قوتوں کی سرتوڑ کوششوں اور سازشوں کے باوجود انقلاب اسلامی ایران نہ صرف اپنے اساسی نصب العین پر قائم و دائم ہے بلکہ ملکی تعمیر و ترقی کے منازل طے کرتے ہوئے عالمی سطح پر اسلام اور مسلمین کے مفادات کی جُرات مندانہ ترجمانی بھی کر رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت انقلاب اسلامی سے برا ہ راست ٹکر لینے کی متحمل نہیں ہوسکتی کیوں کہ یہ انقلاب قرآن و سنت اور غیرت ایمانی کی غیر متزلزل بنیادوں پر استوار ہے انھوں نے کہا کہ ایرانی قوم و قیادت کے جذبہ استقامت اور قربانیوں کے تسلسل نے اس انقلاب کو جاودانی اور ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے انقلاب کے آغاز ہی سے انقلاب اسلامی کو نقضان پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم اس انقلاب اسلامی کے ساتھ براہ راست ٹکر لینے کی ان میں ہمت نہیں ہوئی ۔ اس لئۓ انھوں نے ایران کے خلاف بزدلانہ اور دہشت گردانہ طریقہ کار کا انتخاب کیا جس کے نتیجے میں امریکہ اور اسرائیل نے اسلام کے مایہ ناز کمانڈرشہید میجر جنرل سلیمانی اور ایران کے ممتاز جوہری سائنسدان محسن فخری زادہ کو شہید کردیا۔
انجمن شرعی شیعیان کے صدر نے ایران کے خلاف امریکہ کی طالمانہ پابندیون کیمذمت کرتے ہوئےکہا کہ اب یہ حقیقت دنیا پر عیان ہوچکی ہے کہ ان پابندیوں کا محرک ایران کا پر امن جوہری پروگرام نہیں بلکہ انقلاب اسلامی سے امریکہ کی قلبی دشمنی ہے۔ انھوں نے کشمیری عوام کی ایران اور انقلاب اسلامی سے گہری وابستگی اور والہانہ عقیدت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی نے دنیا بھر کے مسلمانوں میں ذہنی بیداری ، اتحاد اوریکجہتی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
آپ کا تبصرہ