امریکی کانگریس نے جوبائیڈن کی جیت کی تصدیق کردی

امریکی کانگریس نے ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن کی جیت کی تصدیق کردی ہے جبکہ صدر ٹرمپ نے بھی اقتدار منتقل کرنے کا عندیہ دیدیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی کانگریس نے ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن کی جیت کی تصدیق کردی ہے۔ امریکی کانگریس نے کپیٹل ہل میں ہنگامہ آرائی کے باعث تاخیر کا شکار ہونے والے مشترکہ اجلاس کے بعد نومنتخب صدر جوبائیڈن کی جیت کی توثیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوبائیڈن اگلے امریکی صدر جب کہ کمالا ہیرس نائب صدر ہوں گی، حلف برداری کی تقریب 20 جنوری کو ہوگی جس کے بعد ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن امریکہ کے 46 ویں صدر بن جائیں گے۔ امریکی آئین کے مطابق انتخابات کے بعد کانگریس کو ریاستوں کی جانب سے جمع کرائے گئے الیکٹورل کالج کے ووٹس کی گنتی کرنا ہوتی ہے جس کے تحت جوبائیڈن نے 306 جب کہ ٹرمپ نے 232 ووٹ حاصل کیے۔

 گزشتہ روز نائب امریکی صدر مائیک پینس کی سربراہی میں نو منتخب صدر جو بائیڈن کی الیکٹورل کالج میں جیت کی باقاعدہ تصدیق کے لیے کانگریس اور سینیٹ کا مشترکہ اجلاس جاری تھا کہ ٹرمپ کے حامیوں نے کیپٹل ہل کے باہر رکاوٹیں توڑ دیں اور عمارت کے اندر داخل ہوگئے تھے جس کے بعد مشترکہ اجلاس کچھ وقت کے لیے معطل کیا گیا۔

ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے پرتشدد مظاہروں کے دوران 4 افراد ہلاک بھی ہوئے جس کے بعد واشنگٹن اور دیگر ریاستوں میں نیشنل گارڈ کے دستے بلانے کے بعد دارالحکومت میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ انتخابات کے نتائج کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی کی گئی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کی کئی وفاقی اور ریاستی عدالتوں سے انتخابات میں دھاندلی کے مقدمات خارج کیے جانے کے باوجود سپریم کورٹ بھی گئے تھے ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ انتخابات کے نتائج کو قبول نہیں کریں گے لیکن اقتدار منتقل کردیں گے۔

News Code 1904712

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 4 + 7 =