مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف کو العزیزیہ ریفرنس اور ایون فیلڈ ریفرنس میں دائر اپیلوں پر اشتہاری مجرم قرار دے دیا ہے۔ پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اشتہاری مجرم قرار دینے کے لیے جسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن اخترکیانی نے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ حکم نامے میں نواز شریف کے ضامنوں کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ضمانتی مچلکوں کی رقم ضبط کرنے کی کارروائی بھی شروع کرد گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں العزیزیہ ریفرنس اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے کی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر عدالت کے سامنے پیش ہوئے جب کہ نوازشریف کی لندن رہائش گاہ پر اشتہار رائل میل کے ذریعہ پہنچانے کی مصدقہ رسیدیں بھی عدالت کے سامنے پیش کی گئیں۔
عدالت نے نواز شریف کو اشتہاری مجرم قرار دینے کا فیصلہ دیتے ہوئے حکم دیا کہ العزیزیہ ریفرنس اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو اشتہاری قرار دیا جائے، نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے سے متعلق حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔
واضح رہے کہ نواز شریف اس سے قبل غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں بھی اشتہاری قرار دیئے جاچکے ہیں۔
آپ کا تبصرہ