مہر خبررساں ایجنسی نے العربیہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ عرب ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان ڈائریکٹ پروازوں کا آغاز 26 نومبر سے ہوگا۔
دبئی کی فضائی کمپنی فلائی دبئی نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی دبئی سے براہ راست تل ابیب پروازیں آپریٹ کرے گی۔
کمپنی اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ہر ہفتے 14 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، جس کی بکنگ کمپنی کی ویب سائٹ پر دستیاب بزنس اور اکانومی کلاسز میں کرائی جاسکتی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ دبئی سے تل ابیب اور تل ابیب سے دبئی کے لیے روزانہ 2 پروازیں چلائی جائیں گی جن میں ایک طرف کا سفر تقریباً 3 گھنٹے کا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق فلائی دبئی اس وقت واحد کمپنی ہے، جس نے دبئی سے اسرائیل کے لیے براہ راست کمرشل پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد گزشتہ ماہ دونوں ممالک کے درمیان ایئر ٹرانسپورٹیشن کا معاہدہ طے پایا۔
معاہدے کے تحت متحدہ عرب امارات سے تل ابیب کے لیے براہ راست 28 پروازیں چلائی جائیں گی۔ فلسطینیوں نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے بعد امارات سے سفارتی رابطہ منقطع کرلیا ، امارات کے اس معاندانہ اقدام کو اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ غداری اور خیانت قراردیا جارہا ہے۔
آپ کا تبصرہ