نوازشریف حکومت اور عوام کو دھوکہ دے کر لندن گئے، پاکستانی ہائی کورٹ

پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف کے پھر سے وارنٹس گرفتاری وصول نہ کرنے پرعدالت نے ریمارکس دیئے کہ نوازشریف حکومت اور عوام کو دھوکہ دے کر لندن گئے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف کے پھر سے وارنٹس گرفتاری وصول نہ کرنے پرعدالت نے ریمارکس دیئے کہ نوازشریف حکومت اور عوام کو دھوکہ دے کر لندن گئے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر کی جانب سے رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے ایک دفعہ پھر وارنٹس گرفتاری وصول کرنے سے انکار کردیا، پاکستانی ہائی کمیشن کے نمائندے وارنٹس کی تعمیل کے لیے دوبارہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس گیا تاہم  ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پر موجود شخص نے وارنٹ گرفتاری وصول کرنے سے انکار کردیا۔

پاکستانی جسٹس محسن اختر کیانی نے اظہار برہمی کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے حوالے سے سخت ریمارکس میں کہا کہ ملزم حکومت اور عوام کو دھوکہ دے کر لندن گیا، اور لندن بیٹھ کر عوام اور حکومت پر ہنستا ہوگا، کل نواز شریف واپس آکر یہ نہیں کہہ سکتے کہ مجھے وارنٹ گرفتاری کا علم نہیں، ان کا بیرون ملک جانا پورے نظام کی تضحیک ہے، آئندہ وفاقی حکومت کو بھی خیال رکھنا چاہیے کہ کیسے کسی کو باہر جانے دینا ہے۔

عدالت نے کہا کہ مجرم (نواز شریف) کا انتہائی شرمناک رویہ ہے، لندن میں موجود قونصل اتاشی کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے کریں گے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت سات اکتوبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ عدالت نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں اور گزشتہ سماعت پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا گیا کہ نواز شریف وارنٹ وصول کرنے کے لیے تیار ہیں، اس حوالے سے نوازشریف کے نمائندے نے پاکستانی ہائی کمیشن کو آگاہ کیا ہے۔

News Code 1903221

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 1 + 13 =