پاکستان کے معروف عالم دین اور خطیب اہلبیت (ع) علامہ طالب جوہری کا انتقال ہوگیا

پاکستان کے معروف عالم ِدین اور ذاکراہلبیت (ع) علامہ طالب جوہری انتقال کر گئے، وہ کئی روز سے کراچی کے نجی اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج تھے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے معروف عالم ِدین اور ذاکراہلبیت (ع)  علامہ طالب جوہری انتقال کر گئے، وہ کئی روز سے کراچی کے نجی اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج تھے۔ علامہ طالب جوہری کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر امروہہ گراؤنڈ انچولی میں ادا کی جائے گی۔

علامہ طالب جوہری 27 اگست 1939ء کو پیدا ہوئے۔ ان کے والد مشہور عالم دین علامہ مصطفیٰ خاں جوہر تھے۔ علامہ طالب جوہری کو کئی برسوں سے پاکستانی علماء میں مرکزی حیثیت حاصل تھی۔

کراچی کے نشتر پارک میں شام غریباں کی مجلس سے ان کی شہرت پاکستان اور دنیا بھر میں پھیل گئی، اس مجلس کے سامعین میں مسلمانوں کے تمام طبقہ ہائے فکر شامل تھے۔ علامہ طالب جوہری کے انتقال پر سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام ایک عظیم عالم دین سے محروم ہوگئے۔

علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے معروف عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا  کہ علامہ طالب جوہری ایک عہد تھا جو مکمل ہوا، وہ حافظ قرآن، مفسرِ قرآن، مصنف اور شاعر تھے۔

پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان، آفتاب صدیقی اور کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ 

وفاقی وزیر علی زیدی نے علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اہلخانہ سے اظہار تعزیت کی اور کہا کہ علامہ طالب جوہری جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔

News Code 1901069

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 2 + 6 =