کورونا وائرس سے پاکستان کو 3 ہزار ارب روپے کا نقصان

پاکستان کے مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے پاکستان کو 3 ہزار ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ کورونا وائرس سے پاکستان کو 3 ہزار ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔

عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت کو اقتصادی بحران ورثے میں ملا، ہمارے اخراجات آمدنی سے کافی زیادہ تھے، برآمدات میں اضافہ صفر تھا جب کہ ڈالر کو سستا رکھنے کی وجہ سے درآمدات دوگنا ہوگئیں، زرمبادلہ کے ذخائر گر کر نصف رہ گئے، ہم بیرونی محاذ پر دیوالیہ کے قریب پہنچ چکے تھے۔

عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ وزیراعظم کی رہنمائی میں اخراجات میں کمی کی پالیسی میں کامیابی ہوئی، پہلی دفعہ متوازن پالیسی سے اخراجات اورآمدن میں توازن لایا گیا، خسارے میں 73 فیصد کمی کی گئی۔ 20 ارب ڈالر کے خسارے کو کم کرکے 3 ارب ڈالر تک لے آئے ہیں، پہلی بار پورے سال میں اسٹیٹ بینک سے کوئی قرضہ نہیں لیا گیا، کسی وزارت کوضمنی گرانٹ کی مدمیں کوئی فنڈ جاری نہیں ہوا۔  موجودہ حکومت نے ماضی کے قرضے واپس کرنے کے لئے قرضے لیے، ہم نے آئی ایم ایف کے ساتھ 6 ارب ڈالر کا پروگرام کیا، موثر حکمت عملی سے پانچ ہزار ارب روپے کے قرضے واپس کیے گئے، پہلی مرتبہ پرائمری بیلنس سرپلس رہا ہے، ہماری آمدنی اخراجات سے زیادہ رہی۔

حفیظ شیخ نے کہا کہ کورونا وائرس سےعالمی معیشت پر برے اثرات مرتب ہوئے ہیں، آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا کی آمدنی میں 3 سے 4 فیصد کمی ہوگی، ہم نے کورونا سے نمٹنے کے لیے مختلف اقدامات کیے، کورونا سے نمٹنے کے لیے 1240 ارب کا ایک پیکج دیا ، زرعی شعبے کو ریلیف کے لئے 50 ارب روپے دیے، یوٹیلٹی اسٹورز پر اربوں روپے کی سبسڈی دی اور آٹا، چینی سمیت اشیائے ضروریہ سستی کیں، ہم نے چھوٹے کاروبار کے 3 ماہ کے بل معاف کیے۔

News Code 1900837

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha