دہلی میں حکام نے شراب کی خریداری پر 70 فیصد  کورونا ٹیکس عائد کردیا

بھارتی دارالحکومت نئی دیلی میں عہدیداروں نے شراب کی خریداری پر 70 فیصد کورونا ٹیکس عائد کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دیلی میں عہدیداروں نے شراب کی خریداری پر 70 فیصد  کورونا  ٹیکس عائد کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ ٹیکس حکام کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے لگائے گئے 6 ہفتوں کے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد شراب خانوں پر لوگوں کے ہجوم کو کم کرنے کے لیے عائد کیا گیا۔

واضح رہے کہ شراب پر ٹیکس بھارت کی کل 36 ریاستوں اور وفاقی اکائیوں کی آمدنی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے جن میں سے زیادہ تر اس وائرس کی وجہ سے ہونے والی معاشی سرگرمیوں میں رکاوٹ سے فنڈز کی کمی کا شکار ہیں۔

گزشتہ روز دنیا کے سب سے بڑے لاک ڈاؤن میں 17 مئی تک کے لیے کی گئی نرمی کے بعد جب شراب خانوں پر عوام کا ہجوم امڈ آیا تو پولیس نے ان پر لاٹھی چارج بھی کیا تھا۔

دہلی کی حکومت نے بعد ازاں پیر ہی کو ایک عوامی نوٹس میں "خصوصی کورونا  ٹیکس"  کا اعلان کیا۔

ریاست کے وزیر اعلٰی اروند کیجریوال نے کہا کہ "یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ دہلی میں کچھ دکانوں پر افراتفری دیکھنے کو ملی"۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اگر ہمیں کسی بھی علاقے سے معاشرتی فاصلے اور دیگر اصولوں کی خلاف ورزیوں کے بارے میں پتہ چلا تو ہمیں اس علاقے کو سیل کرنا پڑے گا اور وہاں لاک ڈاؤن میں نرمی کو معطل کرنا ہوگا۔

دیگر ریاستوں، جیسے جنوبی آندھرا پردیش میں بھی عوام کی شراب کے حصول کے لیے قطار میں کھڑا ہونے اور معاشرتی دوری کے اقدامات کی خلاف ورزی کرنے پر قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ بھارت میں منگل کے روز ایک دن میں سب سے زیادہ 3 ہزار 900 نئے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 46 ہزار 432 ہوگئی۔

بھارت کے وزارت صحت کے مطابق وائرس سے اب تک مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 568 ہوگئی ہے۔

News Code 1899938

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 7 + 1 =