مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے طبی اور نیم طبی عملے کی تعداد میں تشویشناک اضافہ ہوگیا ہے اور اس وقت پورے ملک میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے ڈاکٹروں نرسوں اور طبی عملے کی تعداد 180 سے زائد ہوگئی ہے۔ وفاقی حکام نے ملک بھر کے ڈاکٹروں نرسوں اور طبی عملے میں کورونا وائرس کی تشویشناک حد تک تیزی سے اضافے کی تصدیق کرتے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکس میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے زیادہ تر ڈاکٹر، نرسز اور نیم طبی عملہ یا تو مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہے یا پھر اپنے گھروں اور ہاسٹلز میں سیلف آئسولیشن میں ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت گلگت اور پنجاب میں طبی عملے کے 2 افراد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ باقی تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔
وفاقی حکومت کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان بھر میں اس وقت 90 ڈاکٹر کورونا وائرس سے متاثر ہیں جبکہ ملک کے مختلف اسپتالوں کے 60 سے زیادہ پیرامیڈکس اور دیگر عملہ کورونا وائرس سے متاثر ہو گیا ہے، اس کے علاوہ ملک بھر میں اس وقت 30 نرسز میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ 2 مہینوں میں 2ڈاکٹر اور ایک نرس کورونا وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔
آپ کا تبصرہ