عمران خان اپنی مجبوری اور وابستگی کی وجہ سے کوالالمپور اجلاس میں شرکت نہیں کرپائے

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم پاکستان عمران خان اپنی مجبوری اور وابستگی کی وجہ سے کوالالمپور اجلاس میں شرکت نہیں کرسکے ۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم پاکستان عمران خان اپنی مجبوری اور وابستگی کی وجہ سے کوالالمپور اجلاس میں شرکت نہیں کرسکے ۔ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کوالالمپور کنونشن سنٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے سمٹ میں شرکت نہ کرنے کی اپنی وجوہات اور مجبوریاں ہیں، عمران خان کا فیصلہ ان کی مرضی ہے اور ہم انہیں شرکت کے لیے مجبور نہیں کرسکتے۔ مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ اسلام میں کوئی زور زبردستی نہیں، عمران خان شرکت نہیں کرسکے شاید انہیں کچھ اور مسائل کا سامنا ہو، اس سمٹ میں عالم اسلام کو درپیش مسائل پر بات چیت کی جائے گی، کانفرنس میں 50 سے زیادہ ممالک کو مدعو کیا گیا ہے جن میں سربراہان مملکت بھی شامل ہیں۔ مہاتیر محمد نے مزید کہا کہ اس اجلاس میں مذہب اسلام پر بحث نہیں کی جائے گی بلکہ امت مسلمہ پر بات ہوگی جو آج شدید دباؤ کا سامنا کررہی ہے۔ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالا لمپور میں مسلم ممالک کے رہنماؤں کی سمٹ کا آغاز ہوگیا ہے جس میں 52 ممالک کے رہنما جمع ہیں لیکن سعودی عرب ، امارات اور پاکستان غیر حاضر ہیں۔ اجلاس میں عالمی سطح پر مسلم ریاستوں اور مسلمانوں کو درپیش بحرانوں پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد اس بات کا کھلے عام اظہار کرچکے ہیں کہ او آئی سی مسلم امہ کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے اس لیے نیا اتحاد او آئی سی کا متبادل ثابت ہوسکتا ہے۔ سعودی عرب نے اس سمٹ کے انعقاد پر ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کا نیا اسلامی بلاک مسلم دنیا میں اس کے کردار کو کم کرسکتا ہے، اسی تناظر میں پاکستان کی سول اور فوجی قیادت نے سعودی عرب کے متعدد دورے کیے جس کے بعد اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے محمد بن سلمان کے دباؤ کے سامنے گھٹنے ٹیک کر پاکستان کے استقلال کو زوردار جھٹکا دیا ہے۔

News Code 1896295

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 4 + 10 =