پابندیاں جاری نہیں رہ سکتیں/ ایران نے دشمن کے حداکثر دباؤ کو فرصت میں تبدیل کردیا

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرحسن روحانی نے ملائشیا میں مقیم ایرانیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف اقتصادی پابندیاں جاری نہیں رہ سکتی ہیں اور ایران نے امریکہ کے زیادہ سے زیادہ دباؤ کو فرصت میں تبدیل کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرحسن روحانی اعلی سطحی وفد کے ہمراہ ملائشیا میں اسلامی ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی غرض سے کوالالمپور کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے ملائشیا میں مقیم ایرانیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف اقتصادی پابندیاں جاری نہیں رہ سکتی ہیں اور ایران نے امریکہ کے زیادہ سے زیادہ دباؤ کو فرصت میں تبدیل کردیا ہے۔ صدر روحانی نے کہا کہ میری حکومت نے دنیا پر ثابت کردیا ہے کہ ہم دوسرے ممالک کے ساتھ مسائل اور مشکلات کو مذاکرات کے ذریعہ حل کرسکتے ہیں ، ہم نے دنیا پر یہ بھی ثابت کردیا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام پر امن اور بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کے قوانین کے مطابق ہے اور ہم نے ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے خلاف دشمنوں کے تمام پروپیگنڈوں کو مذاکرات کے ذریعہ ناکام بنادیا۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ ہم نے دنیا پر ثابت کردیا ہے کہ ہم علاقائی اور عالمی مسائل کو گفتگو اور مذاکرات کے ذریعہ حل کرسکتے ہیں۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ ہم نے مشترکہ ایٹمی معاہدے میں دنیا کی 6 بڑی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات انجام دیئے اور مذاکرات میں کامیاب بھی ہوئے لیکن امریکہ کے خارج ہونے کے بعد بھی ہم اپنے عہد پر باقی ہیں جبکہ کہ عالمی سطح پر امریکہ کا اعتبار ختم ہوگیا ہے اور اب دنیا میں کوئی بھی امریکی پروپیگنڈے کو ماننے کے لئے تیار نہیں ہے۔

صدر روحانی نے کہا کہ پابندیوں سے مشکلات پیدا ہوتی ہیں لیکن ہم نے امریکی پابندیوں کو فرصت میں تبدیل کردیا۔ انھوں نے کہا کہ آج ایران، دفاعی میدان میں پیشرفت کی سمت گامزن ہے اور ایران کی بحری ، بری اور ہوائی سرحدیں پرامن ہیں ۔دشمن کے پیشرفتہ ڈرون طیارہ نے ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تو  ہم نے اسے اپنے دفاعی میزائل سے سرنگوں کردیا ۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے خلاف پابندیاں غیر قانونی ہیں اور دشمن کے غیر قانونی اقدامات کا اب دنیا میں کوئی خریدار نہیں ہے امریکی پابندیاں کھوکھلی ہوچکی ہیں  اور زیادہ عرصہ جاری نہیں رہ سکتیں۔ ہم نے دشمن کی اقتصادی پابندیوں کو استقامت اور پائداری کے ساتھ ناکام بنادیا ہے اور آئندہ بھی دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

News Code 1896279

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 3 + 1 =