مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستانی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ وزیر اعظم ہے جس نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کراچی میں تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ وزیراعظم نے ہماری معیشت کو تباہ کردیا ہے،کاروباری برادری اور بیوروکریسی نیب گردی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے، ایسے ماحول میں جو حکومت کام کررہی ہے وہ سندھ کی حکومت ہے۔
پیپلز پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ ہمارے صوبے کو کئی مسائل کا سامنا ہے، مہنگائی کے سونامی اور ٹیکسوں کے طوفان سے عوام پریشان ہیں۔ مزدوروں کو ان کا حق نہیں دیا جارہا، عوامی مینڈیٹ والی حکومت ہی مسائل کا حل نکال سکتی ہے، پاکستان میں طاقت کا سرچشمہ عوام ہے اور ہم عوامی حکومت بناکر رہیں گے، پیپلز پارٹی نے ہر دور میں مزدور طبقے کی تنخواہوں میں اضافہ کیا، اگر ہمیں معاشی بحران کا مقابلہ کرنا ہے تو سخت محنت کرنا ہوگی، بے روزگاری کا مقابلہ کرنا ہے تو مزدوروں کو نوکریوں سے نکالنے کے بجائے تنخواہیں دینا ہوں گی۔
آپ کا تبصرہ