مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ایتھوپیا میں وزیراعظم ابی احمد کیخلاف ہونے والے پُر تشدد مظاہروں میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 67 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ایتھوپیا میں وزیراعظم ابی احمد کے خلاف سماجی کارکن جوار محمد کی اپیل پر ہونے والے مظاہروں نے تشدد کی صورت اختیار کر لی ہے اور اسی دوران نسلی جھڑپوں کا آغاز ہوگیا ہے جس میں 67 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 5 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
حال ہی میں امن کی کاوشوں پر نوبل کا انعام حاصل کرنے والے وزیراعظم ابی احمد کیخلاف عوامی مظاہروں کی قیادت سماجی کارکن جوار احمد کر رہے ہیں، جنہوں نے ابی احمد پر مخالفین کے ساتھ آمرانہ رویہ رکھنے اور سکیورٹی فورسز کے ذریعے دھمکانے اور تشدد کرانے کا الزام بھی عائد کیا۔
ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا اور اورمیا میں مشتعل مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، ہزاروں لاٹھی بردار شہری جوار احمد کی حمایت میں سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ سرکاری عمارتوں اور کئی گھروں کو جلانے کی اطلاعات بھی ہیں۔
آپ کا تبصرہ