مرسی کے سب سے چھوٹے بیٹے کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا

مصر کے سابق صدر محمد مرسی کے سب سے چھوٹے بیٹے کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے اے ایف پی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مصر کے سابق صدر محمد مرسی کے سب سے چھوٹے بیٹے کا  دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا ہے۔ اطلاعات  کے مطابق مرسی خاندان کے وکیل عبدالمنیم عبدالمقصود نے بتایا کہ عبداللہ مرسی کو اس وقت دل کا دورہ پڑا جب وہ گاڑی چلا رہے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مرسی کے بیٹے کے ساتھ گاڑی میں ان کا ایک دوست بھی موجود تھا جو چلتی گاڑی روکنے میں کامیاب ہوا اور عبداللہ مرسی کو ہسپتال پہنچادیا۔

واضح رہے کہ مصر میں 2011 میں تحریر اسکوائر پر لاکھوں افراد کے مظاہروں کے نتیجے میں 3 دہائیوں سے اقتدار میں رہنے والے حسنی مبارک کی حکومت کا خاتمہ ہوا تھا۔

بعد ازاں جون 2012 میں محمد مرسی مصر کے صدر منتخب ہوئے، تاہم اقتدار کے صرف ایک سال بعد ہی ان کے استعفے کے مطالبات سامنے آنے لگے۔

جولائی 2013 میں اس وقت کے آرمی چیف اور موجودہ صدر عبد الفتح السیسی نے محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔

مصری فوج نے اخوان المسلمین کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے محمد مرسی سمیت کئی رہنماؤں اور سیکڑوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا تھا۔ محمد مرسی کو جاسوسی، مظاہرین کو قتل کروانے اور جیل توڑنے کے الزامات کے تحت عمر قید، سزائے موت اور 20 سال قید کی سزائیں سنائی گئیں۔

رواں برس 17 جون کو عدالتی کارروائی کے دوران 67 سالہ محمد مرسی بے ہوش ہوگئے تھے جس کے کچھ دیر بعد وہ انتقال کرگئے تھے۔

News Code 1893509

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 8 + 6 =