مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کی اسمبلی کے اسپیکر پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم مودی نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کوختم کرکے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کردیا ہے ۔
پرویز الہی نے کہا کہ نریندر مودی نے کشمیر میں جذبہ حریت اور جذبہ جہاد میں مزید جان ڈال دی ہے اور کشمیری عوام کی آزادی کی منزل قریب پہنچ گئی ہے۔
پر ویز الٰہی نے مزید کہا کہ جس طرح مودی اور بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر گولیاں برسا رہے رہیں، تمام اسلامی ممالک کے لیڈرزاور او آئی سی تنظیم کے رکن ممالک کو چاہیے کہ وہ بھارتی بربریت کے خلاف عملی اقدام اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی پرچم اٹھا کر سینہ میں گولیاں کھانے والے کشمیری نوجوانوں کا لہو ہمیں پکار رہا ہے کہ ہم اپنے ذاتی، جماعتی اور سیاسی مفادات کی بجائے قومی جذبہ سے متحد ہوجائیں اور مظلوم کشمیریوں کو بھارتی چنگل سے نجات دلانے کے لیے آگے بڑھیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ عالمی برادری باالخصوص مسلم امہ کو چاہئے کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی ظلم و ستم سے نجات دلانے اور ان کو حق خود ارادیت دلانے کیلئے اپنا فرض ادا کریں، اقوام متحدہ بھارت سے اس کے وعدوں پر عمل کروائے۔
آپ کا تبصرہ