برطانیہ کا عراق اور افغانستان کے نوادرات کو واپس کرنے کا اعلان

برطانیہ نے عراق اور افغانستان سے قبضے میں لی گئی قدیم نوادرات کو واپس کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برطانیہ نے عراق اور افغانستان سے قبضے میں لی گئی قدیم نوادرات کو واپس کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لندن میں واقع برٹش میوزیم کا کہنا ہے کہ وہ برطانوی بارڈر فورس اور دارالحکومت کی میٹرو پولیٹن پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر تنازع کے دورمیں اسمگل کیے گئے نوادرات واپس کرےگا۔ میوزیم کے ڈائریکٹر ہارٹ وگ فسچر نے کہا کہ افسوس یہ کام اب پہلے سے زیادہ ضروری ہے۔افغانستان بھیجے جانے والی نوادرات میں گندھارا دور کے مجسمے شامل ہیں جو 2002 میں غیر قانونی طریقے سے برطانیہ بھیجے گئے تھے۔اس کے علاوہ عراق واپس بھیجے جانے والی نوادرات میں بین النہرین کی قدیم تہذیب میں مٹی پر کھودی گئیں 154 تحریریں شامل ہیں جو رسم الخط کے ابتدائی طور کی نشانی ہے، انہیں 2011 میں قبضے میں لیا گیا تھا۔یہ تحریریں قبل مسیح چھٹی اور چوتھی صدی کے درمیان لکھی گئی تھیں، جن میں سے اکثر کا تعلق اریسا گرگ سے ہے، یہ مقام 2003 میں اس وقت دریافت ہوا جب اس کے نوادرات زمینی سطح پر ظاہر ہوئی تھیں۔ ہارٹ وگ فسچر نے کہا کہ ’ برٹش میوزیم عراق اور افغانستان سے لائی گئی نوادرات کی شناخت اور ان کی واپسی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کام کررہا ہے ۔ یہ نوادرات بغداد میں واقع عراق میوزیم کے حوالے کی جائیں گی جو عراق کے اسٹیٹ برائے آثار قدیمہ و ورثہ کا حصہ ہے۔ گندھارا تہذیب سے تعلق رکھنے والی نوادرات اس وقت ملیں جب ہیتھرو ایئر پورٹ پر برطانوی حکام کی توجہ پاکستان کے شہر پشاور سے بھیجے گئے  2 لکڑی سے بنے کریٹ پر گئی جنہیں کھولا گیا تو ان میں یہ خوبصورت مجسمے موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ میوزیم نے ان نوادرات کی واپسی سے قبل ان میں سے کچھ اشیا کی لندن میں نمائش کے لیے نیشنل میوزیم آف افغانستان سے اجازت طلب کی ہے۔برٹش میوزیم آثار قدیمہ کے حکام، کلیکٹرز، ڈیلرز اور قانون نافذ کرنے والوں کے ساتھ ایک مشترکہ منصوبے پر بھی کام کررہا ہے جس کا مقصد اسمگل کی گئی اشیا کی شناخت کرکے مصر اور سوڈان کو واپس کرنا ہے۔اسکیم نے 700 غیر قانونی نوادرات کی شناخت کی ہے جو ماضی میں ان 2 ممالک سے اسمگل کی گئی تھیں۔

News Code 1892022

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 2 + 5 =