مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ نیوزی لینڈ کی عدالت کے جج نے کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر حملہ کرنے والے دہشت گرد کے خلاف ٹرائل سے قبل دماغی حالت کے 2 معائنوں کا حکم دے دیا۔
کرائسٹ چرچ ہائی کورٹ کے جج کیمروں مینڈر نے آسٹریلوی دہشت گرد کے خلاف سماعت کےدوران حکم جاری کیا تاکہ اس بات کا پتہ لگایا جاسکے کہ وہ قتل کے مقدمے کا سامنا کرسکتے ہیں یا نہیں۔ برینٹن ٹیرنٹ آک لینڈ کی انتہائی حفاظتی جیل کے ایک چھوٹے کمرے سے بذریعہ ویڈیو لنک عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ جج کیمرون مینڈر کا کہنا تھا کہ دماغی صحت کا معائنہ ایسے کیس میں ایک عام سی بات ہے۔ اس حوالے سے وکلا کا کہنا تھا کہ اسے مکمل ہونے میں 2 سے 3 ماہ کا وقت لگے گا۔ جج کا کہنا تھا کہ برینٹن ٹیرنٹ پر 50 افراد کے قتل اور 39 افراد کے اقدام قتل کی فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ برینٹن ٹیرنٹ کے خلاف آئندہ سماعت 14 جون کو ہوگی جس میں ان کی ذہنی حالت کی تشخیص کے نتائج کا جائزہ لیا جائے گا کہ اسے اپیل دائر کرنےکی ضرورت ہے یا نہیں۔
آپ کا تبصرہ