ایران تمام مسلم اور عرب ممالک کے ساتھ اچھے اور مضبوط  تعلقات کا خواہاں ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے عراق کے وزیر اعظم کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران تمام مسلم اور خطے کے عرب ممالک کے ساتھ اچھے اور مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرحجۃ الاسلام والمسلمین  حسن روحانی نے عراق کے وزیر اعظم عادل عبدالمہدی کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران تمام مسلم اور خطے کے عرب ممالک کے ساتھ اچھے اور مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے اس گفتگو میں عراق کے حالیہ دورے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران عراق کے ساتھ ہونے والے تمام معاہدوں کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے کے لئے آمادہ ہے۔صدر حسن روحانی نے کہا کہ خطے میں پائدار امن و ثبات کے قیام کے سلسلے میں علاقائی اور ہمسایہ ممالک کے درمیان باہمی تعاون بہت ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ غیر علاقائی طاقتیں خطے کے امن و ثبات کے لئے بہت بڑا خطرہ ہیں اور وہ مسلم ممالک کو ایکدوسرے کے لئے خطرہ بنا کر پیش کررہی ہیں۔ صدر روحانی نے جولان کو اسرائیل کے حوالے کرنے کے امریکی صدرٹرمپ  کے اقدام کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کو دوسرے ممالک کی سرزمین اسرائیل کے حوالے کرنے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔ ایرانی صدر نے عراقی وزیر اعظم کو دورہ ایران کی دعوت بھی دی۔ عراق کے وزیر اعظم نے بھی اس گفتگو میں نوروز کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایران میں آنے والے حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد اور ایرانی قوم کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ عادل عبدالمہدی نے کہا کہ مشکلات کو برطرف کرنے کے لئے علاقائی ممالک کو اپنی ظرفیتوں سے بھر پور استفادہ کرنا چاہیے۔ عراقی وزیر اعظم نے دورہ ایران کی دعوت پر ایرانی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعوت کو قبول کرلیا۔

News Code 1889195

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • 6 + 10 =