مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں دوسری حکومت اپنی 5 سالہ آئینی مدت پوری کرنے کے بعد ختم ہوگئی جس کے ساتھ ہی پاکستان کی قومی وصوبائی اسمبلیاں اور وفاقی کابینہ بھی تحلیل ہوگئی ہیں۔ پاکستان میں مسلسل دوسری جمہوری حکومت نے اپنی 5 سالہ مدت پوری کرلی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک میں دوسری آئینی مدت پوری کرنے میں کامیاب ہوئی اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے 2013 میں اپنی 5 سالہ آئینی مدت پوری کی تھی۔
جمہوری حکومت کے آج ختم ہوتے ہی قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیاں بھی تحلیل ہوگئیں جس کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جو وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 52 کے تحت جاری کیا گیا جب کہ نوٹی فکیشن کی کاپیاں ایوان صدر، وزیراعظم آفس، چاروں صوبوں، الیکشن کمیشن کو ارسال کردی گئی ہیں۔
ادھر سابق چیف جسٹس ناصرالملک آج ایوان صدر میں نگراں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جس کے بعد نگراں وزیراعظم اپنی کابینہ تشکیل دیں گے تاہم چاروں صوبوں کی حکومتوں اور اپوزیشن میں نگراں وزیراعلیٰ کے انتخاب پر اب تک ڈیڈلاک برقرار ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی 2018 کے عام انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت ملک بھر میں قومی وصوبائی اسمبلیوں کے انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے۔
آپ کا تبصرہ