حزب اللہ کے میزائل حملوں کی وجہ سے شمالی اسرائیل کے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے کہا ہے کہ حزب اللہ نے پیر رات کے آخری پہر اسرائیل کے شمالی علاقوں پر شدید میزائل حملے کیے ہیں۔

صہیونی چینل 12 نے نہاریا میں کئی میزائل گرنے کی تصدیق کی ہے۔ نہاریا اور الجلیل میں میزائل حملوں کے بعد کئی مقامات پر شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جبکہ بجلی کا نظام بھی معطل ہونے سے علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا ہے۔

صہیونی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ لبنان سے فائر ہونے والا ایک میزائل نہاریا میں ایک مکان پر گرا ہے۔

صہیونی فوج نے بھی حزب اللہ کے میزائل حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک لبنان سے دس میزائل فائر کیے گئے ہیں جن میں سے بیشتر کو فضا میں تباہ کیا گیا ہے۔

دوسری طرف حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی لبنان کی سرحد پر واقع صہیونی قصبے میں صہیونی فوجی مرکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

تنظیم نے دوسرے بیان میں یارین قصبے میں بھی اسرائیلی فوج کی گاڑیوں اور دوسری تنصیبات پر حملوں کا دعوی کیا ہے۔