ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اور ترکمانستان کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں۔

مہر نیوز کے مطابق، عراق، اقوام متحدہ اور قطر کے بعد ترکمانستان ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے غیر ملکی دورے کی چوتھی منزل ہے، جو ایران کی خارجہ پالیسی میں وسطی ایشیائی ملک کی ترجیحات کی نشاندہی کرتا ہے۔

ایرانی صدر 18ویں صدی کے شاعر اور اسکالر مختوم قلی فراغی کی 300 ویں سالگرہ کی یاد میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے لئے اشک آباد میں موجود ہیں جو ایران اور ترکمانستان دونوں میں قابل احترام ہیں۔

پزشکیان نے جمعرات کو اپنی روانگی سے قبل تہران میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران ترکمانستان کے ساتھ طویل، محفوظ اور پرامن سرحد رکھتا ہے۔

انہوں نے انٹرنیشنل نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور (INSTC) پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کو کافی فائدہ ہوگا۔  آئی این ایس ٹی سی ہندوستان، ایران، آذربائیجان، روس، وسطی ایشیا اور یورپ میں مال برداری کی سہولت فراہم کرنے کے لئے ریل، جہاز اور سڑک کے راستوں کا ایک نیٹ ورک ہے۔

ایرانی صدر کے اس دورے کے انتہائی اہم اہداف میں دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان سیاسی اور سیکورٹی تعلقات کی ترقی اور جیو اکنامک تعلقات کو مضبوط بنانا شامل ہے۔جیو اکنامک تعاون کے اہم عنصر کے طور پر خطے میں ایران کو گیس کا مرکز بننے میں مدد دینے میں ترکمانستان کا اہم کردار ہے۔ ترکمانستان حالیہ برسوں میں ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل رہا ہے جو کہ کئی وجوہات کی بنا پر اہم ہیں: پہلا، یہ ایک پڑوسی ملک ہے اور ایران کی خارجہ پالیسی میں ہمسایہ ہمیشہ ترجیحی ہدف ہوتے ہیں۔

دوسرا، ایران کے پڑوس میں ترکمانستان واحد ملک ہے جس سے تقریباً کوئی سیکورٹی خطرہ نہیں ہے۔ یہ امر مسلسل کشیدگی اور جغرافیائی سیاسی پیچیدگیوں سے بھرے خطے میں بہت اہم ہے۔

تیسرا، توانائی، نقل و حمل اور تجارت کے میدان میں ایک ابھرتا ہوا جیو اکنامک باہمی انحصار دونوں ممالک کو اسٹریٹجک طور پر منسلک کر رہا ہے۔

گزشتہ ماہ، ترکمانستان کے قومی رہنما گربنگولی بردی محمدو نے تہران کا ایک اعلیٰ سطحی دورہ کیا جہاں دونوں نے گیس کے تبادلے کے تعاون کو وسعت دینے کے لیے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے۔

ایران دنیا کے دوسرے سب سے بڑے قدرتی گیس کے ذخائر پر بیٹھا ہے اور جیواشم ایندھن کا دنیا کا تیسرا سب سے بڑا پروڈیوسر ہے، لیکن بڑھتی ہوئی گھریلو طلب اس کی برآمد کرنے کی صلاحیت کو کم کر رہی ہے اور ملک کو موسم سرما کے دوران قدرتی گیس کی قلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دوسری طرف، ترکمانستان، دنیا میں قدرتی گیس کے بڑے ذخائر رکھنے والے ممالک میں سے ایک کے طور پر، اپنی جغرافیائی مجبوریوں کی وجہ سے اپنی گیس براہ راست عالمی منڈیوں میں بھیجنے سے قاصر ہے اس لئے ایران کے ساتھ اپنے تعاون کو مضبوط کر رہا ہے، جس کا دوسرے ممالک کو ٹرانزٹ اور توانائی کی منتقلی کے لیے جغرافیائی فائدہ حاصل ہوگا۔ جولائی میں فریقین نے ہر سال 10 بلین کیوبک میٹر ترکمان قدرتی گیس کی ترسیل کے معاہدے پر دستخط کیے، جسے ایران پھر عراق بھیجے گا۔ ترکمانستان کی وزارت خارجہ نے اس وقت کہا تھا کہ ملک نے ایران کو گیس کی سپلائی 40 بلین کیوبک میٹر سالانہ تک بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ فی الحال، عراق ترکمانستان کے ساتھ گیس کی درآمد کے لیے بات چیت کر رہا ہے، جس کے مرکز میں ایران ایک ٹرانزٹ روٹ کے طور پر موجود ہے۔