انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے مغربی ممالک سے اپیل کی ہے کہ صہیونی حکومت کو ہتھیاروں کی فراہمی کا سلسلہ فوری طور پر روک دیا جائے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے غزہ اور لبنان میں بے گناہ شہریوں کا قتل عام روکنے کے لئے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تنظیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیر کے روز سے شروع ہونے والے صہیونی حملوں میں اب تک سینکڑوں بے گناہ شہید اور ہزاروں زخمی ہوگئے ہیں۔ ان حملوں سے سویلین کی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔

تنظیم نے کہا ہے کہ ہم صہیونی حکومت کے اصلی اتحادی ممالک سے درخواست کرتے ہیں کہ فوجی امداد اور ہتھیاروں کی فراہمی کا سلسلہ فوری طور پر بند کریں کیونکہ ان ہتھیاروں کو جنگی جرائم میں استعمال کرنے کے خطرات زیادہ ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان میں مخاصمت پر مبنی اقدامات پر تحقیقات کی جائیں۔ اقوام متحدہ کے تمام اراکین کو ان تحقیقات کی حمایت کرنا چاہئے اور اپنے ماہرین کو شواہد کی جمع آوری کے لئے بھیجنا چاہئے۔