امریکی صدر نے صہیونی وزیراعظم سے ٹیلفونک رابطہ کیا جس میں دونوں کے درمیان سخت اور تیز جملوں کا تبادلہ ہوا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطینی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے صہیونی وزیراعظم سے ٹیلفون پر رابطہ کیا۔

صہیونی چینل 13 کے مطابق دونوں رہنماوں کے درمیان ٹیلفونک گفتگو کے دوران تندوتیز جملوں کا تبادلہ ہوا۔ صدر جوبائیڈن نے صہیونی حکومت کے اقدامات پر تنقید کی۔

صہیونی چینل کان نے انکشاف کیا ہے کہ صدر بائیڈن نے نتن یاہو سے غزہ میں امدادی کارکنوں پر حملے میں ملوث صہیونی فوجیوں کو گرفتار کرکے سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی صدر نے نتن یاہو کی سرزنش کرتے ہوئے اسرائیل کے بارے میں امریکی پالیسی بدلنے کی دھمکی دی ہے۔

عبرانی اخبار اسرائیل الیوم نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ صدر جوبائیڈن نے اسرائیل سے غزہ میں انسانی امداد رسانی کے لئے جنگ بندی کی اپیل کی۔ اخبار کے مطابق امریکی صدر کا مطالبہ اسرائیل کے لئے دھچکے سے کم نہیں ہے۔

صہیونی مبصرین نے امریکی مطالبے کو اس بات کا پیش خیمہ قرار دیا ہے کہ امریکہ اسرائیل کی مزید مدد سے ہاتھ کھینچ لے گا۔ امریکہ نے جنگ بندی کے لئے حماس کی شرائط کو تسلیم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

دوسری جانب امریکی وزیرخارجہ نے برسلز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں امدادی کارکنوں پر حملے کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔ ان واقعات کو دوبارہ تکرار نہیں ہونا چاہئے۔

انہوں نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ اگر غزہ کے حوالے سے اسرائیل کی پالیسی میں تبدیلی نہ آئے تو امریکہ اپنی حکمت عملی بدلنے پر مجبور ہوگا۔

لیبلز