مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی ذرائع نے خبر دی ہے کہ جماعت علمائے عراق کے سربراہ شیخ خالد الملا نے عراق کے شہر بصرہ میں شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک دردناک واقعہ کی یاد منارہے ہیں جس کے دوران اسلام کے ہیروز نے اپنے ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ شہید المہندس اور شہید سلیمانی کا مقابلہ نہیں کرسکا لہذا بزدلانہ حملہ کرکے انہیں نشانہ بنایا۔ امریکہ نے ان دو عظیم انسانوں کو نشانہ بنایا کیونکہ انہوں نے مغرب کے تمام منصوبوں کو ناکام بنا دیا تھا۔
شیخ خالد الملا نے تاکید کی کہ دشمن بغداد کے سقوط کے درپے تھے لیکن شیہد المہندس اور شہید سلیمانی ان کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ایک مضبوط رکاوٹ بن گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حشد شعبی ہر جگہ موجود ہے اور سیکورٹی فورسز کے تعاون سے وہ کسی بھی خطرے کو ٹال دیتے ہیں۔ ہمیں نرم جنگ سے آگاہ ہونا ہوگا۔
جماعت علمائے عراق کے سربراہ نے کہا کہ اگر امام خامنہ ای اور سید حسن نصر اللہ نہ ہوتے تو کوئی مقاومت نہ ہوتی۔