مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے مغربی ممالک میں مظاہرین کے ساتھ پولیس کے وحشیانہ سلوک کی متعدد تصاویر شائع کرتے ہوئے ایران اور ان کی اپنی سرزمین میں ہونے والے مظاہروں پر ردعمل ظاہر کرنے والے مغربی رہنماؤں کے دوہرے طرز عمل کی مذمت کی۔
ناصر کنعانی نے منگل کے روز ایک ٹویٹ میں لکھا کہ وہ تمام الزامات جو کچھ حکومتیں ایران کے بارے میں جھوٹے طور پر لگاتی ہیں وہ خود ان کا ارتکاب کر چکی ہیں اور اب بھی اپنے عوام اور لوگوں کے خلاف انتہائی گھناؤنے طریقے سے کر رہی ہیں۔انہوں نے یہ بھی لکھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پر بہتان تراشی سے انسانی حقوق کے جھوٹے دعویداروں کی اصلیت نہیں چھپ سکتی، آخر یہ منافقت کب تک جاری رہے گی!
قبل ازیں کنعانی نے ایران میں بدامنی اور ان کے اپنے ممالک میں بدامنی کے حوالے سے مغربی ممالک کے متضاد رویے کا ذکر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا تھا کہ انگلینڈ، جرمنی، فرانس، کینیڈا اور آسٹریلیا میں مظاہرے خراب ہیں اور سخت سلوک کے مستحق ہیں تاہم جو ممالک ان کے نشانے پر ہیں ان میں فسادات اچھے ہیں اور حمایت کے مستحق ہیں۔
خیال رہے کہ مغربی ممالک کے متعدد رہنماؤں نے اپنے مداخلت پسندانہ بیانات میں ان بلوائیوں اور فسادیوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے جو حالیہ دنوں میں ایران میں سلامتی کو درہم برہم کر رہے تھے۔ یہ اس وقت ہے جب وہ اپنے ہی ممالک کی سیکورٹی فورسز کی مدد کر رہے ہیں تاکہ مظاہرین کا وحشیانہ مقابلہ کیا جا سکے۔