مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ آج الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کو نااہل قرار دیا گیا ہے جس کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی ہے۔
فیصلے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ یہ فیصلہ 22 کروڑ لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے، لوگ اس کے خلاف اپنے حق کے لیے باہر نکلیں۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں انقلاب کی ابتدا ہو چکی ہے، پوری قوم اس فیصلے کو مسترد کرتی ہے، انشاءاللہ اب ان طاقت کے ایوانوں کو الٹا کر ہی آئین کو بچایا جا سکتا ہے۔
کارکنان فیض آباد پہنچ گئے، احتجاجی ریلی شاہراہ دستور روانہ
پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان فیض آباد پہنچ گئے اور انہوں نے سڑک بلاک کردی۔ اسلام آباد بھارہ کہو سے ریلی شاہراہ دستور کی طرف روانہ ہوگئی۔
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج شروع کردیا اور کارکنوں نے نعرے بازی کی، پولیس نے الیکشن کمیشن کی عمارت کو حصار میں لے لیا۔
دریں اثنا اسپیشل برانچ نے آئی جی کو رپورٹ دی ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد راولپنڈی کی سڑکیں بلاک کی جارہی ہیں جس پر پولیس نے مظاہرین کے خلاف کارروائی کی تیاری شروع کردی۔رحیم یار خان میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنان احتجاج کرتے ہوئے باہر نکل آئے اور انہوں نے نعرے بازی کی۔