مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے صوبہ چہار محال بختیاری میں عوام کے ایک عظيم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کی ایران مخالف قرارداد کے باوجود ہم اپنے مؤقف پر ثابت قدم رہيں گے۔ صدر رئیسی نے کہا کہ ایران کی علمی اور سائنسی ترقی کو روکنے کے لئے امریکہ اور اسرائیل بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کو استعمال کررہے ہیں۔ ہم نے ایٹمی ایجنسی کے ساتھ بھر پور تعاون کیا لیکن بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی نے امریکہ اور اسرائیل کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے ایران کے خلاف قرارداد منظور کی اور اس قرارداد کے ذریعہ وہ اپنے شوم اہداف تک نہیں پہنچ سکیں گے ۔ ایران اپنے اصولی اور منطقی مؤقف سے ایک اینچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
انھوں نے کہا کہ ایران نے اپنی ایک کشتی کے عوض یونان کی دو کشتیوں کو ضبط کرکے ثابت کردیا ہے کہ مار کر بھاگنے کا زمانہ ختم ہوگيا ہے ہم دشمن کا آخری حد تک پیچھا کریں گے۔ صدر رئیسی نے کہا کہ یونانیوں نے اب کہا ہے کہ وہ ایران کی تیل بردار کشتی کو واپس کریں گے۔
صدرر ئیسی نے کہا کہ ہم ایرانی عوام کے حقوق کا ہر حال میں تحفظ کریں گے اور ہم دشمنوں کی گھناؤنی سازشوں کو ناکام بنانے کے سلسلے میں پختہ عزم کئے ہوئے ہیں۔