پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ مغربی سرحد پر صورتِ حال ہمیشہ چیلنج کا باعث رہی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ مغربی سرحد پر صورتِ حال ہمیشہ چیلنج کا باعث رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2021ء میں آپریشن کے بعد پاک افغان بارڈر پر مکمل ریاستی رٹ بحال کی گئی، پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا 94 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے، پاک ایران سرحد پر باڑ لگانے کا کام 71 فیصد مکمل ہو گیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ امن کی باڑ ہے اور یہ ہر حال میں مکمل ہو گی، اکا دکا واقعات کو بردباری سے حل کرنا ہے، مقصد ایک ہی ہے کہ امن قائم ہو، اس سلسلے میں دونوں حکومتیں رابطے میں ہیں۔ واضح رہے کہ افغان طالبان نے بعض علاقوں میں پاکستانی فوج کو باڑ لگآنے سے روک دیا ہے جس کے بعد طالبان اور پاکستانی فوج کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے۔