مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برطانیہ میں 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 90 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 15 ہزار 363 افراد اومیکرون کا شکار ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق برطانیہ میں بوسٹر ڈوز لگوانے کا سلسلہ بھی جاری ہے تاہم اومیکرون ویرینٹ کےمتاثرین کی تعداد 60 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے تصدیق کردی ہے کہ کرسمس سے قبل مزید پابندیاں نہیں لگیں گی۔
برطانوی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کرسمس کے بعد پابندیوں کے حوالے سے اقدامات کو مسترد نہیں کیا جاسکتا، ضرورت پڑی تو پابندیاں لگائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق دو دن قبل بھی برطانیہ میں اومیکرون کے 8 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے تھے۔
ادھر جرمنی نے برطانیہ کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کردیا ہے جہاں کورونا وائرس کا ویرینٹ اومیکرون تیزی سے پھیل رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق جرمن ہوائی کمپنیاں برطانیہ سے محض انہی مسافروں کو جرمنی لاسکتی ہیں جو یا تو جرمن شہری ہیں یا پھر یہاں کے رہائشی ہیں۔