مہر خبررساں ایجنسی نے اے ایف کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے نئی حکومت کا اعلان آج کیا جائے گا ، طالبان نے نئی حکومت کا اعلان کل جمعہ کو کرنا تھا لیکن اسے ایک دن کے لئے مؤخر کردیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ نئی حکومت کے قیام کا اعلان آج ہفتے کو کیا جائےگا ، اس سے قبلکہا جا رہا تھا کہ نماز جمعہ کے بعد طالبان نئی حکومت کا اعلان کردیں گے۔
ابھی افغانستان کی نئی حکومت کے خدوخال واضح نہیں ہیں تاہم تین ذرائع سے عالمی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ نئی حکومت میں امیرِ طالبان ملا ہبت اللہ سپریم کمانڈر ہوں گے جو نہ صرف ریاست کے مذہبی سربراہ ہوں گے بلکہ حکومت کو اسلامی قوانین کے تحت چلانے کے عمل کی نگرانی بھی کریں گے۔
افغانستان میں سیاسی حکومت کی سربراہی ملا عبدالغنی برادر کریں گے جب کہ بانی طالبان کے بیٹے ملا یعقوب کو وزیر دفاع، عباس شیر محمد استانکزئی کو وزیر خارجہ اور ذبیح اللہ مجاہد کو وزیر اطلاعات کا عہدہ ملنے کا امکان ہے۔
نئی حکومت میں تمام اقوام اور طبقات کی نمائندگی کے لیے سابق صدر حامد کرزئی، قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ، حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار کو بھی حکومت میں شامل کرنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ 15 اگست 2021 کو طالبان نے کابل میں داخل ہوکر افغانستان کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا تھا اور صدر اشرف غنی ملک سے فرار ہو کر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے تھے۔