مہر خـررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر کراچی کے ضلع ویسٹ کے علاقے منگھوپیر میں نیا ناظم آباد کے قریب بس اسٹاپ پر کئی روز سے لاوارث کھڑی کار کے اندر سے 2 لاپتہ کمسن بچوں کی کئی روز پرانی لاشیں ملی ہیں جن کی موت دم گھٹنے سے بتائی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق منگھوپیر تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر گل اعوان کے مطابق نیا ناظم آباد کے قریب عمر کالونی کے ایف 11 بس اسٹاپ پر کھڑی ایک لاوارث کار نمبر ڈی 8262 سے تعفن اٹھنے پر اہلِ محلہ نے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق کار لاک تھی جس کے شیشے توڑ کر گیٹ کھولا گیا تو 2 بچوں کی لاشیں کار میں پڑی تھیں۔
ایک بچے کی لاش کار کی عقبی سیٹ پر اوندھی پڑی تھی جبکہ دوسری لاش دونوں اگلی سیٹوں کے درمیان موجود تھی۔
پولیس کے مطابق لاشوں پر بظاہر کوئی نشان نہیں، شبہ کیا جا رہا ہے کہ دونوں بچوں کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں بچوں کی شناخت دانش زبیر اور عبید سعید کے نام سے ہوئی ہے جو 10 مئی سے پراسرار طور پر لاپتہ تھے۔