مہر خبررساں ایجنسی امریکی صدر کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے ایران کے خلاف ہرزہ سرائی اور فوجی حملے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ امریکی فوجیوں پر حملہ کی صورت میں ایران کو سخت جواب دیا جائےگا۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا کہ امریکی بحری بیڑے خطے میں مستقر کردیئے گئے جو امریکی اور اس کے اتحادی فوجیوں پر حملے کا بروقت جواب دے سکیں گے۔ جان بولٹن اس سے پہلے بھی کئی بار ایران کو فوجی حملے کی دھمکیاں دے چکے ہیں ۔
جان بولٹن نے کہا کہ بحری بیڑے ابراہم لنکن کو خطے میں روانہ کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ابراہم لنکن کئی بار خطے میں آچکا ہے۔ سیاسی تجزیہ نگار امریکی فوجی دھمکیوں کو ایران کے خلاف امریکی نفسیاتی جنگ کا حصہ قراردے رہے ہیں۔ البتہ ایران امریکہ کے کسی بھی ممکنہ حملے کا جواب دینے کے لئے آمادہ ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ ایران پر جہاں سے حملہ کیا جائے گا ایران کا جوابی حملہ بھی وہیں پر ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکہ نے ایرانی سپاہ کو کچھ عرصہ قبل دہشت گردی کی فہرست میں شامل کیا تھا جس کے بعد ایران نے بھی امریکہ کی مرکزی فوجی کمانڈ اور اس کے افسروں کو غیر ملکی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد امریکہ کے حواس باختہ ہوگئے ہیں۔