مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو امن کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ جنوبی ایشیا کے لوگ پرامن خطے کی طرف آگے بڑھیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے عمران خان نے بتایا کہ انہیں بھارتی ہم منصب نریندر مودی نے یوم پاکستان پر امن کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وقت آگیا ہےکہ جنوبی ایشیا کے لوگ پرامن خطے کی طرف آگے بڑھیں۔ عمران خان کی ٹویٹ کے مطابق وزیرِاعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے قومی دن کے موقع اپنی مسرت اور بہترین خواہشات کا اظہار کرتے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ برِصغیر کے لوگ مل کر ایک جمہوری، پرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال خطے کے لیے کام کریں اور ایسی فضا میں بنائیں جو تشدد اور دہشت سے پاک ہو۔
ٹوئٹر پر عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے پاکستانی عوام کے نام پیغام کا خیر مقدم کرتے ہیں، یوم پاکستان پر دونوں ممالک کو مذاکرات شروع کرنے چاہئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر بات ہونی چاہیے اور اب مذاکرات میں دونوں ممالک کو نئے تعلقات کی بنیاد رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نئے تعلقات کی بنیاد عوام کے امن اور خوشحالی پر ہونی چاہیے۔