مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے مسلح افواج کو بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا اختیار دے دیا۔
پاکستانی وزیراعظم کی زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پلوامہ حملے کے بعد رو نما ہونے والے جیو اسٹریٹیجک اور قومی سلامتی کے امور پر غور کیا گیا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق وزیراعظم نے مسلح افواج کو بھارت کی جانب سے کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کا موقع کی مناسبت سے بھرپور جواب دینے کا اختیار دے دیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بطور ریاست پلوامہ میں کسی طرح بھی ملوث نہیں ہے اور اس واقعے کی مقامی سطح پر منصوبہ بندی ہوئی اور عملی جامہ پہنایا گیا جب کہ پاکستان نے بھارت کو مذاکرات اور پلوامہ حملے کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے امید ہے بھارت پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب دے گا۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر پر کردار ادا کرے اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کرائے۔