اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے امریکہ کے عالمی معاہدوں سے انحراف اور اس کی تسلط پسندانہ پالیسی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسے امریکہ کی متکبرانہ پالیسیوں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے غلام علی خوشرو نے امریکہ کے عالمی معاہدوں سے انحراف اور اس کی تسلط پسندانہ پالیسی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسے امریکہ کی متکبرانہ پالیسیوں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ ایرانی نمائندے نے امریکہ کی جانب سے عالمی معاہدوں کی صریح خلاف ورزی کو بین الاقوامی باہمی تعاون کے لئے بہت بڑا خطرہ قراردیتے ہوئے کہا کہ امریکہ بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کو نقض کرکے عالمی سطح پر عدم استحکام پیدا کررہا ہے۔ غلام علی خوشرو نے انسانی حقوق کونسل ، یونسکو ، پیرس معاہدے اور مشترکہ ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے خارج ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے یک طرفہ طور پر مشترکہ ایٹمی معاہدے سے خارج ہوکر سکیورٹی کونسل کی قرارداد نمبر 2231 کو نقض کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی نے اپنی 12 رپورٹوں ميں  ایٹمی معاہدے پر ایران کے عمل پیرا رہنے کی تائيد کرتے ہوئے ایران کے ایٹمی پروگرام کو پرامن قراردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر مشترکہ ایٹمی معاہدے میں ایرانی قوم کے مفادات کو مد نظر رکھا گیا تو ایران اس معاہدے پر عمل جاری رکھے گا ۔